تازہ ترین ۲۰ مئی ۲۰۲۶

جنگ بندی سے فائدہ اٹھا کر دفاع مضبوط کیا، محمد باقر قالیباف

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران نے جنگ بندی کے دوران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے جبکہ دشمن کی نقل و حرکت سے نئے حملوں کے خدشات ظاہر ہو رہے ہیں۔اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ دشمن کے اقدامات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ وہ خطے میں جنگ کا نیا مرحلہ شروع کرنا چاہتا ہے، تاہم ایرانی افواج نے جنگ بندی کے عرصے کو بھرپور انداز میں استعمال کرتے ہوئے اپنی تیاری اور طاقت میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بڑھتا ہوا معاشی دباؤ اور پابندیاں ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتیں اور ایرانی قوم ہر قسم کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے آبنائے ہرمز میں پائیدار سیکیورٹی کے قیام کیلئے عمان اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے مشترکہ نظام تشکیل دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکہ پر اب بھی شکوک و شبہات موجود ہیں، تاہم ایران نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے اور امریکی مؤقف کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔