اسلام آباد (ویب نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال کے پیش نظر وفاق کے پاس گورنر راج اور ایمرجنسی سمیت تمام آئینی آپشنز زیر غور ہیں، تاہم حکومت کی پہلی ترجیح اب بھی سیاسی حل اور مذاکرات ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت اور اپوزیشن کے حالیہ مذاکرات میں دہشت گردی کے خاتمے اور نیشنل ایکشن پلان کے نکات پر اتفاق ہوگیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطے کے بعد اپوزیشن وفد مذاکرات سے پیچھے ہٹ گیا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ریاست مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرے گی، تاہم آئندہ بات چیت کے لیے دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور پرتشدد احتجاج ترک کرنے سمیت سخت شرائط پر عمل درآمد ضروری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی جانب کسی ایسے مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے امن و امان یا معمولات زندگی متاثر ہوں، جبکہ تمام قانونی و آئینی تیاری مکمل ہے۔
