مقامی ۲۴ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا ٹیکس نظام مزید مؤثر اور ڈیجیٹل بنانے پر زور

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے چیئرپرسن عبداللہ خان کی زیر صدارت ٹیلی کمیونیکیشن، لیبر و مین پاور اور سیکیورٹی سروسز کے شعبوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں موجودہ مالی سال کے دوران ٹیکس وصولی، رجسٹریشن اور مقررہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے ٹیکس وصولی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ چیئرپرسن نے ٹیکس انتظامیہ کو مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن، مختلف نظاموں کے باہمی انضمام اور جامع ڈیٹا اینالیٹکس سسٹم کی تیاری کی ہدایت کی تاکہ ٹیکس بیس، رجسٹریشن اور محصولات کی وصولی بہتر بنائی جاسکے۔ انہوں نے ٹیکس قوانین پر عمل نہ کرنے والے سروس فراہم کنندگان کے خلاف مؤثر ٹیکس انفورسمنٹ، نظام میں شفافیت اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔