کوئٹہ(ویب نیوز) پنجپائی کے زمینداروں کا اجلاس استاد حاجی حبیب سمالانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں علاقے کے زمینداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان استاد میران بخش سمالانی، محمود احمد مشوانی، مسعود احمد مشوانی، محمد اقبال شاہوانی، عبدالواحد مشوانی، محمد امان مشوانی، حافظ لطیف درانی، خلیل احمد گرگیناری، محمد ایاز سمالانی اور عبدالمنان سمالانی نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے استاد حاجی حبیب سمالانی نے کہا کہ پنجپائی کے عوام کا واحد ذریعہ معاش زراعت ہے، تاہم مہنگائی اور کھاد و زرعی ادویات کی خرید و فروخت پر پابندیوں کے باعث زمیندار پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں اور فصلوں کی پیداوار نصف رہ جانے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عین فصل کے سیزن میں افغانستان کو پیاز کی اسمگلنگ کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، جسے فوری طور پر نہ روکا گیا تو زمیندار معاشی مشکلات سے دوچار ہو جائیں گے۔ انہوں نے حکام سے پنجپائی سے پیاز کی اسمگلنگ فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بصورت دیگر زمیندار سخت احتجاج کریں گے، جس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
