تازہ ترین ۳ اگست ۲۰۲۶

یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان کا طالبان کے خلاف مسلح کارروائیوں کا اعلان، عالمی حمایت کی اپیل

قندھار (ویب نیوز): یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان کے سربراہ جنرل سمیع سادات نے افغان طالبان کے خلاف مسلح کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے امریکا، نیٹو اور عالمی برادری سے سیاسی حمایت کی اپیل کی ہے۔ ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم نے قندھار سے طالبان کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور ان کی فورسز صرف طالبان ہی نہیں بلکہ القاعدہ، داعش اور تحریک طالبان پاکستان کے خلاف بھی برسرِپیکار ہیں۔ جنرل سمیع سادات کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم ہمسایہ ممالک کے خلاف نہیں بلکہ افغانستان کے مستقبل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے گی اور کسی دوسرے ملک کی اجازت کے بغیر اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ طالبان کے خلاف ان کی جدوجہد کی سیاسی حمایت کرے۔