تازہ ترین ۱ جون ۲۰۲۶

یوسف عزیز مگسی کی قومی، سیاسی اور سماجی خدمات بلوچستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں، نوابزادہ زرین خان مگسی

کوئٹہ (صداقت ویب نیوز) – پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون، سیاحت و ثقافت بلوچستان نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ یوسف عزیز مگسی کی قومی، سیاسی اور سماجی خدمات بلوچستان کی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے قومی ہیروز اور ان کی لازوال جدوجہد سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حب میں لسبیلہ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (لیڈا) کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوسف عزیز مگسی نے بلوچستان کے عوام کے حقوق، سیاسی شعور کی بیداری اور سماجی ترقی کے لیے تاریخی جدوجہد کی جو آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں اور خدمات نئی نسل کے لیے بہترین مثال ہیں اور ان کے افکار کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ نوجوان اپنے تاریخی ورثے اور قومی شخصیات کی خدمات سے آگاہ رہیں۔ نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا کہ صوبائی حکومت ثقافت، سیاحت اور تاریخی ورثے کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ ایسی علمی اور فکری تقریبات قومی شعور اجاگر کرنے کے ساتھ نوجوانوں میں تحقیق، مطالعہ اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی، پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیمینار میں دانشوروں، صحافیوں، سیاسی و سماجی کارکنوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور یوسف عزیز مگسی کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔