کوئٹہ (ویب نیوز)کوئٹہ میں ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بلوچستان اسمبلی کے رکن اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اصغر علی ترین سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کو پارلیمانی نظام، قانون سازی، جمہوری اقدار اور عوامی مالیاتی نگرانی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر اصغر علی ترین نے وفد کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے آئینی کردار، اختیارات، فرائض اور مالیاتی شفافیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی اے سی عوامی وسائل کے شفاف اور مؤثر استعمال کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ سرکاری محکموں کی آڈٹ رپورٹس کا جائزہ لینا اور مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنا اس کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی نظام اور جمہوری اداروں کے کردار کو سمجھیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کریں، کیونکہ باشعور اور تعلیم یافتہ نوجوان ملک کے بہتر مستقبل کی بنیاد ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کی جانب سے اصغر علی ترین کو شفافیت کے فروغ اور عوامی خدمات کے اعتراف میں ’’پاکستان کا مثبت پہلو ایوارڈ‘‘ بھی پیش کیا گیا۔
