تازہ ترین ۱۸ ستمبر ۲۰۲۶

حوثیوں کے حملے سمندری سلامتی، خطے کے امن اور ترقی کے لیے خطرہ ہیں: عاصم افتخار

کوئٹہ(ویب نیوز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ باب المندب میں حملوں اور آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کے باعث عالمی امن، توانائی اور غذائی سلامتی متاثر ہوسکتی ہے، جبکہ سمندری بحران عالمی استحکام اور علاقائی ترقی کے لیے بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی بحری تجارت کی اہم گزرگاہ ہے اور اس میں رکاوٹ سے عالمی توانائی اور کھاد کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے مذاکراتی حل، کشیدگی میں کمی اور محفوظ بحری تجارت کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔