ہرنائی(ویب نیوز)بلوچستان کے وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا ہے کہ ہرنائی۔سبی شاہراہ کی تعمیر علاقے کی ترقی، معیشت، تجارت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 19 ارب روپے لاگت کے اس منصوبے کو صوبائی کابینہ نے اصولی منظوری دے دی ہے اور تعمیراتی کام نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ ان کے مطابق 15 ارب روپے وفاقی حکومت جبکہ 4 ارب روپے صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی تکمیل سے زرعی پیداوار اور معدنی وسائل کی نقل و حمل آسان ہوگی اور ہرنائی کے عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
