اسلام آباد (ویب نیوز): پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ہاکی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3-1 سے کامیابی حاصل کر لی۔ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا، جبکہ دوسرے کوارٹر میں سفیان خان نے پاکستان کو برتری دلائی۔ جنوبی کوریا کی جانب سے یہ ہون وان نے اسکور برابر کیا، تاہم ہاف ٹائم سے قبل ابو بکر محمود نے گول کرکے پاکستان کو دوبارہ سبقت دلا دی۔ تیسرے کوارٹر میں سفیان خان نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا، جس کے بعد پاکستان نے 3-1 کی برتری آخر تک برقرار رکھتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ یکم اگست کو کھیلا جائے گا۔
