تازہ ترین ۷ ستمبر ۲۰۲۶

ہانگ کانگ کو شکست، پاکستان ویمن ٹیم ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی

کوئٹہ (ویب نیوز) ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، شوال ذوالفقار 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ عائشہ ظفر نے 26 اور فاطمہ ثنا نے 24 رنز بنائے۔ جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 71 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی نشرہ سندھو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بھی بن گئیں۔ فتح کے بعد پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ سری لنکا سے ہوگا، جبکہ اسی میچ کے ساتھ قومی ٹیم کی اوپنر منیبہ علی کے 100 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی مکمل ہوگئے۔