تازہ ترین ۲۷ اگست ۲۰۲۶

گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل امریکہ کا سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

کوئٹہ (ویب نیوز) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل امریکہ کا سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ دورہ امریکہ کے دوران انہوں نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے عالمی سربراہی اجلاس سے خطاب کیا اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں، مسائل اور مستقبل کے امکانات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور انہیں جدید علوم و ہنر کے مواقع فراہم کرکے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔ گورنر نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے جشن آزادی منانے کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ بیرون ملک پاکستانی وطن کی ترقی اور مثبت تشخص کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔ ان کے ہمراہ ممتاز پاکستانی بزنس مین تنویر احمد اور میکسم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عذیر حسن بھی موجود تھے۔