پاکستان ۶ اکتوبر ۲۰۲۶

گلستان اچکزئی غبیزئی قوم کی دو شاخوں میداد کہول اور اعوان کہول کے درمیان تاریخی صلح دوسرا پڑاو اختتام پذیر

گلستان( سید سردار محمد خوندئی )

اچکزئی غبیزئی قوم کی دو ذیلی شاخوں، میداد خیل اور اعوان خیل کے درمیان کئی سالوں سے جاری تنازعہ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور معزز جرگہ ممبران کی خلوص نیت اور انتھک کوششوں سے دوستی اور صلح میں تبدیل ہو گیا۔

صلح کے سلسلے میں جرگے کا پہلا پروگرام گزشتہ روز اعوان خیل میں منعقد ہوا تھا، جبکہ دوسرا اور فیصلہ کن بڑا جرگہ منگل کے روز 10 اکتوبر کو میداد خیل کے ہاں منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس جرگے میں دونوں فریقین کے درمیان جاری دیرینہ رنجش کو باہمی رضامندی سے ہمیشہ کے لیے ختم کر کے صلح کا اعلان کیا گیا۔

اس تاریخی صلح جرگے کے سربراہ مقبول قبائلی شخصیت حاجی فتح محمد کاکوزئی تھے۔ جرگے میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، سردار احمد خان اچکزئی، سردار جیلانی خان غبیزئی، سادات کرام، علماء کرام، مختلف قبائل کے معزز عمائدین اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جرگے کے اختتام پر تمام شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

بلوچستان اور پشتون بیلٹ سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے اس تاریخی صلح کو پورے علاقے کے لیے نیک شگون قرار دیتے ہوئے دونوں فریقین کو مبارکباد پیش کی اور اس جرگہ سے اپیل کی کہ وہ دیگر قبائلی تنازعات کے خاتمے کے لیے بھی اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ علاقے کے عوام مزید قبائلی رنجشوں سے محفوظ رہ سکیں۔