تازہ ترین ۷ ستمبر ۲۰۲۶

کیا بابر اعظم ایجبسٹن میں دسویں ٹیسٹ سنچری بنانے میں کامیاب ہوں گے؟

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے لیے برمنگھم کا ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ ماضی میں ایک کامیاب میدان رہا ہے، جہاں وہ ون ڈے کرکٹ میں دو سنچریاں بنا چکے ہیں، تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی سنچری کا انتظار طویل ہوتا جا رہا ہے۔ بابر اعظم نے گزشتہ 38 ٹیسٹ اننگز میں کوئی سنچری اسکور نہیں کی، ان کی آخری ٹیسٹ سنچری دسمبر 2022 میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف 161 رنز کی صورت میں آئی تھی۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اب تک 65 ٹیسٹ میچوں کی 120 اننگز میں 43 کی اوسط سے 4688 رنز اور 9 سنچریاں اسکور کی ہیں، جبکہ ایجبسٹن میں ان کے ون ڈے ریکارڈ میں 4 میچوں میں 298 رنز اور دو سنچریاں شامل ہیں۔ اب شائقین کرکٹ کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ کیا بابر اعظم اپنے لیے کامیاب ثابت ہونے والے ایجبسٹن کے میدان میں اپنی 10ویں ٹیسٹ سنچری بنانے اور طویل سنچری کے انتظار کو ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔