کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
کور کمانڈر بلوچستان نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی اقدامات آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھے جائیں گے۔
کوئٹہ میں کور کمانڈر بلوچستان سے پاکستان کے ٹاپ میڈیا نمائندگان کے وفد نے خصوصی نشست کی۔ ملاقات میں میڈیا وفد کو صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کور کمانڈر کوئٹہ نے میڈیا نمائندگان کو بلوچستان میں امن و امان کی بحالی، درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی ترقی کا سفر بھی جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر میڈیا وفد نے دہشتگردوں سے قبضے میں لیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کا بھی مشاہدہ کیا۔
بعدازاں میڈیا وفد نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا خصوصی دورہ بھی کیا جہاں وفد نے بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
