کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اسٹریٹ کرائم کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق نجی اسپتال کا ملازم حسام الدین رات گئے ڈیوٹی مکمل کرکے موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ ارباب کرم خان روڈ، مری اسٹریٹ کے قریب مسلح افراد نے اسے روک کر موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے حسام الدین موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اسپتال منتقل کر دی اور شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ شہریوں نے بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
