کوئٹہ (صداقت ویب نیوز) کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہر کے مختلف پکنک اور تفریحی مقامات کو عام شہریوں اور سیاحوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کے مطابق پابندی کے تحت ہنہ جھیل، ہنہ اُڑک، سرہ خلہ، کرخسہ، چلتن نیشنل پارک اور شعبان سمیت مختلف تفریحی مقامات پر جانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ ایس ایچ اوز اور انتظامی افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تفریحی مقاصد کے لیے آنے والے افراد کو واپس بھیجا جائے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
