تازہ ترین ۳ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کی احتجاجی تحریک میں شدت، 7 اور 8 اگست کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

کوئٹہ(وېب نیوز) بلوچستان میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کی احتجاجی تحریک شدت اختیار کرگئی ہے۔ انجمن تاجران بلوچستان نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مبینہ کارروائیوں، قومی شاہراہوں پر امن و امان کی خراب صورتحال، دہشتگردی کے واقعات اور تاجروں کے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف 7 اور 8 اگست کو کوئٹہ شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے 8 اگست سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے تجارتی سامان، صنعتی خام مال، اشیائے ضروریہ، پھل، سبزیاں، سیمنٹ، کھاد اور دیگر سامان کی ترسیل مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا، جنرل سیکرٹری ولی افغان اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ دکانوں سے سامان سڑکوں پر پھینکنے، تجاوزات کے نام پر مبینہ کارروائیوں، حلیم پلازہ کے متاثرہ تاجروں کو معاوضہ نہ ملنے اور امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے حکومت سے فوری مذاکرات اور مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج مزید وسیع کیا جائے گا۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹر رہنماؤں دولت لہڑی اور ظاہر شاہ کاکڑ نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے جائز مطالبات کے لیے ٹرانسپورٹرز ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔