کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کی تیسری جنرل کونسل کا اجلاس 5 ستمبر کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں واقع فٹبال ہاؤس کی عمارت میں صوبائی صدر علی احمد ریکی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں بلوچستان کے مختلف رجسٹرڈ اضلاع اور کلبوں کے عہدیداروں سمیت جنرل اور صوبائی کونسل کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی منظوری، صوبے اور اضلاع کی سرگرمیوں کی رپورٹس، آئندہ سال مختلف اضلاع اور صوبائی سطح پر سرگرمیوں کے منصوبے اور بلوچستان تائیکوانڈو ایسوسی ایشن سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کرکے فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں چاغی تائیکوانڈو کی جانب سے ایک صوبائی اسمبلی کے رکن کی سرپرستی میں عالمی مقابلوں میں 8 کھلاڑیوں کی شرکت، نوشکی اور خضدار میں صوبائی سطح کے مقابلوں کے انعقاد، تائیکوانڈو کے فروغ کے لیے کوکیوان پروموشن ٹیسٹ اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن و بلوچستان اسپورٹس بورڈ کے کوچنگ کورسز کے حوالے سے بھی بحث اور فیصلے کیے گئے۔ صوبائی ایگزیکٹو کونسل کی 6 خالی نشستوں پر مختلف افراد کی نامزدگی کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کے بعد بلوچستان تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبے کے 8 اضلاع کو تائیکوانڈو کا سامان اور کٹس فراہم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ بلوچستان کے ڈائریکٹر عمران یوسف مہمانِ خصوصی تھے اور انہوں نے 8 اضلاع کے صدور اور سیکریٹریز میں سامان تقسیم کیا۔ عمران یوسف نے کہا کہ بلوچستان میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ تائیکوانڈو کی سرگرمیوں میں گراس روٹ سطح پر توجہ دی جا رہی ہے اور کلبوں و اضلاع کو سامان کی فراہمی سے اس کھیل کے فروغ اور ترقی کے لیے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر مختلف اضلاع سے آنے والے شرکا نے بلوچستان تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے محدود وسائل کے باوجود اضلاع کو سامان کی فراہمی کو ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ 35 سال سے انہیں اس نوعیت کی سہولیات میسر نہیں تھیں۔ شرکا نے بلوچستان تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر علی احمد ریکی اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل نبیل احمد رانا کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
