مقامی ۱۴ جولائی ۲۰۲۶

کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک، حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرےپشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ویب نیوز)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جبکہ عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی میں نئے کارکنوں کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں بجلی، گیس، صاف پانی، تعلیم، صحت اور صفائی جیسے بنیادی مسائل بدستور برقرار ہیں، جبکہ بڑھتی ہوئی بدامنی نے شہریوں کو جان و مال کے تحفظ سے محروم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور ریاستی ادارے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی میں عوام کی بڑھتی ہوئی شمولیت اس کی عوام دوست سیاست پر اعتماد کا اظہار ہے۔