تازہ ترین ۱۷ جولائی ۲۰۲۶

کوئٹہ، چمن سمیت بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، شام کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا

چمن (سید سردار محمد خوندئی) سانحہ زیارت کے شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ کے روز کوئٹہ، چمن سمیت بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔

گزشتہ رات دھرنا کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی وفد کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار رہنے کے بعد دھرنا کمیٹی کی کال پر دی گئی ہڑتال تمام اضلاع میں کامیاب رہی۔ صوبے کے کسی بھی علاقے سے کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ مختلف اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

دھرنا کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی مذاکراتی وفد دھرنے کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں، جس کے باعث مذاکرات ناکام ہوئے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ زیارت کے شہداء ہمارے بھی شہداء ہیں۔ وزیر خوراک اور زیارت سے منتخب رکن اسمبلی نور محمد دمڑ نے کہا کہ شہدائے زیارت پر سیاست سے گریز کیا جائے۔

دریں اثنا، دھرنا کمیٹی کا ایک اہم مشترکہ اجلاس آج شام منعقد ہوگا، جس میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا اور اہم فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔