پاکستان ۳۱ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ، سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کے نئے انتظامی بلاک کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)سپریم کورٹ آف پاکستان کوئٹہ برانچ رجسٹری کے نئے انتظامی بلاک کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ تقریب میں چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس ہاشم خان کاکڑ، جسٹس نعیم اختر افغان، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس کامران خان ملاخیل سمیت اعلیٰ عدالتی حکام نے شرکت کی۔ سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میر حسین نے نئے انتظامی بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی اور چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کوئٹہ پائن کا پودا لگا کر شجرکاری بھی کی، جبکہ تقریب میں بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز اور سینئر وکلا بھی موجود تھے۔ حکام کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ انتظامی بلاک 226 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کی نگرانی میں اسے ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ نئے انتظامی بلاک کی تعمیر سے سپریم کورٹ کوئٹہ برانچ رجسٹری میں انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے بہتر اور جدید سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔