تازہ ترین ۱۶ ستمبر ۲۰۲۶

کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیر صدارت افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔

کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی، پولیس، ایف آئی اے، اسپیشل برانچ، محکمہ داخلہ اور اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے بھر سے اب تک تقریباً 8 لاکھ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے، جبکہ صرف کوئٹہ شہر سے 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افغان مہاجرین رضاکارانہ طور پر یا انتظامی کارروائیوں کے نتیجے میں واپس جا چکے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت کوئٹہ شہر میں تقریباً 23 ہزار افغان مہاجرین موجود ہیں جن کی واپسی کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ایف آئی اے کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔

کمشنر کوئٹہ ذیشان لاشاری نے ہدایت کی کہ واپسی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید بہتر بنایا جائے اور حکومتی احکامات اور پالیسی کے مطابق کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ واپس جانے کے بعد دوبارہ پاکستان آنے والے افغان مہاجرین سے متعلق محکمہ داخلہ سے رہنمائی لی جائے گی اور ایسی صورت میں قانون اور حکومتی پالیسی کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔