راولپنڈی (ویب نیوز): ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا “سب سے لاڈلا بچہ” کشمیر ہے اور وسائل کے اعتبار سے سب سے زیادہ توجہ اور وسائل اسی خطے کو دیے جاتے ہیں۔ راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی ایک ہی آواز ہے کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت اور افغانستان کا مشترکہ ایجنڈا دہشت گردی ہے، جبکہ افغان طالبان دہشت گرد عناصر کی معاونت کر رہے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق رواں سال ملک بھر میں 40 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے، جن میں بلوچستان میں 31 ہزار سے زائد کارروائیاں شامل ہیں، جبکہ ان آپریشنز کے دوران 2 ہزار 84 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
