مقامی ۱۸ جولائی ۲۰۲۶

کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت پاکستان کی مستقل پالیسی ہے، گورنر جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ (یو این اے) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ہر ذمہ دار بین الاقوامی فورم پر مؤثر آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام ہمارے بھائی ہیں اور بلوچستان میں مقیم کشمیری برادری کے وقار، عزت اور حقوق کا بھرپور احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری برادری کی سماجی اور تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ گورنر نے یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان نعیم کریم کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی کارکنوں اور کوئٹہ میں مقیم کشمیری برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں مقامی آبادی اور کشمیری برادری کے درمیان بھائی چارے اور باہمی احترام کی فضا قومی یکجہتی کی بہترین مثال ہے۔