چمن (سید سردار محمد خوندئی) ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس چمن میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاک فوج، سول انتظامیہ اور ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان و نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سرکاری اداروں کی کارکردگی اور عوامی فلاحی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مختلف محکموں کے افسران نے اپنے جاری منصوبوں اور تفویض کردہ اہداف پر ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ خاص طور پر فیز تھری کے تحت مکمل ہونے والے اور زیر تعمیر منصوبوں پر پیش رفت، تعمیراتی معیار اور تکمیل کے ٹائم لائن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں چمن شہر اور گرد و نواح میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کی نالیوں اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ شہر کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی مہم، تعلیمی اداروں، محکمہ صحت اور میونسپل سروسز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی نے کہا کہ عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے تمام اداروں کے درمیان باہمی رابطہ اور مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چمن شہر کی صفائی، خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ چمن کو ایک صاف، خوبصورت اور سہولیات سے آراستہ شہر بنایا جا سکے۔
