پاکستان ۲۳ جولائی ۲۰۲۶

چین کے ساتھ معاشی شراکت داری اور دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی شراکت داری، بزنس ٹو بزنس تعاون اور دوستانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم سے چین کی معروف کمپنی فیمسن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک چین کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں فوڈ اسٹوریج، جدید زرعی ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پاکستانی افرادی قوت کی تربیت پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے اجناس کے ذخیرہ مراکز کو جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف ہوگی، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور پاکستانی افرادی قوت کی مہارت میں اضافہ ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیمسن اور گرین پاکستان انیشی ایٹو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر پہلے ہی دستخط کیے جا چکے ہیں، جبکہ چینی وفد نے پاکستان کی میزبانی پر وزیراعظم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔