چمن( سید سردار محمد خوندئی )
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع چمن اعتزاز عارف نے عوامی شکایات کا فوری اور سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کرپشن اور بھتہ خوری میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف بڑی کارروائی کر دی۔
ذرائع کے مطابق عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انچارج ہولڈنگ سینٹر، انچارج ماسٹر پلان اور انچارج کوجک ٹاپ سمیت متعدد افسران و اہلکاروں کو عہدوں سے معطل کر دیا گیا ہے۔
معطل ہونے والے تمام افسران و اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، انکوائری کے دوران ان کے خلاف عائد الزامات کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور چارج شیٹس بھی جاری کی جائیں گی۔
اس موقع پر ایس پی چمن اعتزاز عارف نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ “پولیس فورس میں کرپشن، بھتہ خوری اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی ہر شکایت پر بلا امتیاز اور میرٹ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکے۔
ایس ایس پی کے اس اقدام کو عوامی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے اور اسے چمن میں قانون کی بالادستی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
