چمن ( سید سردار محمد خوندئی )
ضلع چمن میں یومِ دفاعِ پاکستان کے سلسلے میں ایک پُروقار اور شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمب عبدالقدوس خان اچکزئی اور پرنسپل گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول چمن حاجی غلام سرور نے کی۔
ریلی میں اساتذہ کرام، طلباء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے فضا کو گرما دیا۔ اس موقع پر شرکاء نے وطنِ عزیز سے والہانہ محبت اور غیر متزلزل قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔
ریلی کے اختتام پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے 6 ستمبر 1965ء کے شہداء اور غازیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں وطن کے دفاع، قومی اتحاد اور ایثار و قربانی کے لازوال جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد اور پُرعزم ہے اور ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ اس ریلی کا بنیادی مقصد نئی نسل میں حب الوطنی، قومی شعور، اتحاد و اتفاق اور وطن سے وفاداری کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔
