پشاور (ویب نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اٹک سے آگے نہیں بڑھ سکتا اور اسے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی کی صورتحال سے دوچار ہے، تاہم صوبائی حکومت پر انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ گورنر نے کہا کہ وفاق اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات اور سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوتی رہی ہے، جبکہ لانگ مارچ کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج آخری آپشن ہوتا ہے اور کوئی بھی اسے ترجیح نہیں دیتا، تاہم صدر اور وزیراعظم اگر فیصلہ کریں گے تو آئینی طریقہ کار کے مطابق اس پر عمل ہوگا۔
