مقامی ۱۱ جولائی ۲۰۲۶

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے دو وقت کی روٹی چھیننے کے مترادف ہے، افغان قومی موومنٹ

کوئٹہ(وېب نیوز) افغان قومی موومنٹ (اے کیو ایم) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور غریب و متوسط طبقے کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام سے دو وقت کی روٹی چھیننے کے مترادف ہے جبکہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے سے عوام کی قوتِ خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے اور لوگ بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہو چکے ہیں۔ افغان قومی موومنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت قانون سازی کی جائے اور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔