کوئٹہ (ویب نیوز): نئی سائنسی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ صنعتی پیمانے پر پولٹری فارمنگ کے تیزی سے پھیلاؤ نے کیمپائلوبیکٹر بیکٹیریا کے پھیلاؤ اور اینٹی بائیوٹک مزاحمت میں اضافہ کیا ہے، جو فوڈ پوائزننگ اور معدے کی بیماریوں کی بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے محققین کے مطابق 1979 سے 2024 تک 30 ممالک کے تقریباً 2800 بیکٹیریائی جینومز کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ جدید پولٹری فارمنگ نے اس جراثیم کو نئی خصوصیات اختیار کرنے کا موقع فراہم کیا۔ تحقیق میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں مرغیوں کی تعداد 1960 کی دہائی کے مقابلے میں سات گنا بڑھ کر 31 ارب تک پہنچ چکی ہے، جس سے انسانی صحت کے لیے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین نے زور دیا کہ جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں اور اینٹی بائیوٹک مزاحمت کے خطرات کم کرنے کے لیے بیکٹیریا کے ارتقائی عمل کو بہتر طور پر سمجھنا ضروری ہے۔
