کوئٹہ(وېب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے سانحہ زیارت کے خلاف کوئلہ پھاٹک پر جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتونوں کو ہرگز لاوارث نہ سمجھا جائے، موجودہ حالات میں پوری قوم کو اختلافات بھلا کر متحد اور منظم ہونا ہوگا کیونکہ ہنہ اوڑک اور زیارت جیسے واقعات پورے پشتون وطن کے لیے خطرے کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل اور معدنیات پر مقامی عوام کا حق تسلیم کیا جائے اور ان سے متعلق تمام معاہدے عوام کی رضامندی اور شراکت سے کیے جائیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر کو امن، اتحاد اور قومی یکجہتی کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے سانحہ زیارت کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
