پشاور (صداقت رپورٹ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پشاور کے علاقے تاج آباد میں ایک ہاسٹل پر چھاپے کے دوران 14 افغان شہریوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن پر مبینہ طور پر جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق زیرِ حراست افراد نے مبینہ جعلی شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے ایجنٹس کو 25 سے 28 لاکھ روپے ادا کیے تھے اور جعلی پاکستانی شہریت ظاہر کرتے ہوئے سعودی عرب جانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مبینہ جعلی پاکستانی پاسپورٹس بھی برآمد ہوئے ہیں جبکہ اس معاملے میں ایک منظم بین الاقوامی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر پاکستان اور افغانستان دونوں میں سرگرم ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق معاملے میں نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کے ممکنہ کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
