اسلام آباد (ویب نیوز): پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی ٹیم کی قیادت میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے عماد بٹ کو کپتانی سے ہٹا کر ابو بکر کو آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ پی ایچ ایف کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی نے پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر اس فیصلے کا اعلان کیا۔ فیڈریشن کے مطابق ابو بکر کو ان کی بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی، قائدانہ صلاحیتوں اور ٹیم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عماد بٹ بدستور قومی اسکواڈ کا حصہ رہیں گے اور سینئر کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم کی رہنمائی جاری رکھیں گے۔ پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ورلڈ کپ کی تیاریوں اور ٹیم کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
