تازہ ترین ۱۲ اگست ۲۰۲۶

پاکستان کی 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا شاندار انعقاد

کوئٹہ(ویب نیوز) کوئٹہ کے موسیٰ اسٹیڈیم میں پاکستان کی 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر بلوچستان کے کیڈٹ اور ڈگری کالجز کے درمیان ایتھلیٹکس چیمپئن شپ شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں بلوچستان کے 16 اضلاع سے کیڈٹ اور ڈگری کالجز کی ٹیموں اور ٹیم آفیشلز نے بھرپور شرکت کی۔ چیمپئن شپ کے دوران مختلف ایتھلیٹکس مقابلے شفاف، منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کیے گئے۔ یہ تاریخی کھیل بلوچستان کی اسپورٹس تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیے جارہے ہیں، کیونکہ صوبے کے مختلف اضلاع سے آنے والے نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں کے فنی اور تکنیکی امور بلوچستان ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن نے انجام دیے، جنہیں شرکاء نے سراہا۔ مقابلوں کے دوران ایسوسی ایشن کے ججز نے غیرجانبدارانہ فیصلے کیے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر میجر جنرل ممتاز علی نے بلوچستان ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے ججز کی کارکردگی، شفاف فیصلوں اور پیشہ ورانہ انداز کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر انتظامی کمیٹی کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ ان مقابلوں نے بلوچستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا اور صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ایک مثبت مثال قائم کی۔