تازہ ترین ۱ جون ۲۰۲۶

پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا سہرا نواز شریف کے سر ہے، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ (روزنامہ صداقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا سہرا میاں محمد نواز شریف کے سر ہے، جبکہ ملکی دفاع، استحکام اور قومی وقار کے تحفظ میں سیاسی قیادت اور افواجِ پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ملکی تاریخ کا ایک سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے جس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔کوئٹہ پریس کلب میں یومِ تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کیے گئے ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو عالمِ اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بننے کا اعزاز دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن قومی اتحاد، خودداری اور جرات کی یاد دلاتا ہے اور ملک کی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی علامت بھی ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی اور امن کے قیام کے لیے ان کی خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔جمال شاہ کاکڑ نے پارٹی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں ایک فعال سیاسی جماعت کے طور پر کارکنوں کے حقوق اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی ملک کی ترقی، جمہوری استحکام اور عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے بلوچستان سمیت پورے پاکستان کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔