تازہ ترین ۳۰ اگست ۲۰۲۶

پاکستان کا سعودی عرب کے لیے برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان اور سعودی عرب نے آئندہ دو سال کے دوران باہمی تجارتی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے پاکستانی برآمدات کو 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025ء میں سعودی عرب کو تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار ٹن چاول برآمد کیے جن کی مالیت 163 ملین ڈالر رہی۔ سعودی وفد نے آئندہ برسوں میں چاول کی تجارت میں مزید اضافے اور پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمدات کو بتدریج دوگنا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ اعلامیے میں پھلوں، فروٹ کنسنٹریٹس اور سبز چارے کی برآمدات میں اضافے کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ دونوں ممالک نے لائیواسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین سے متعلق نجی شعبے کی تجاویز کا جائزہ لیا اور اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی عرب میں 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش رواں سال 19 سے 22 اکتوبر تک ریاض میں منعقد ہوگی، جس میں شرکت کی دعوت کو پاکستان نے خوش آئند قرار دیا۔