کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان نے بھارت میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے میچز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے مقابلے نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کردی۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن سے میچز نیوٹرل وینیو منتقل کرنے کی درخواست موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کی گئی ہے، کیونکہ پاکستان اپنے کھلاڑیوں کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے اصول پر قائم ہے۔ محی الدین وانی نے امید ظاہر کی کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی تجویز پر مثبت فیصلہ کرے گی۔ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے بھارت میں شیڈول ہے۔
