اسلام آباد (ویب نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم دنیا کی نمایاں صوفیانہ روایات کا امین ہے اور صوفیائے کرام کی تعلیمات رواداری، مکالمے، محبت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں “تصوف اور ثقافت” کے عنوان سے آرٹ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی تقسیم اور انتہاپسندی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صوفیانہ تعلیمات مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے فنکاروں کی تخلیقی کاوشوں اور ثقافتی ورثے کے فروغ میں پی این سی اے کے کردار کو بھی سراہا۔
