اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ کی سعودی ہم منصب عبداللہ السواحہ سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب نے کلاؤڈ انفرااسٹرکچر اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے کے مطابق شزہ فاطمہ نے سعودی وزیر مواصلات کو پاکستان کے آئی ٹی اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم سے آگاہ کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سطح پر شراکت داری، ٹیکنالوجی کی برآمدات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈیجیٹل اسکلز اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط ڈیجیٹل شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
