بیجنگ ( صداقت انٹرنیشنل) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا پاکستان کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے اور اس نے عالمی سرمایہ کاروں کا غیر معمولی اعتماد حاصل کیا ہے۔بیجنگ میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پانڈا بانڈ کی کامیاب پیشکش کے بعد پاکستان پر عالمی مالیاتی اعتماد میں واضح اضافہ ہوا ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مالی پالیسیوں پر اعتماد کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں مضبوط واپسی کی علامت ہے اور اس سے اقتصادی و مالی روابط کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے معاشی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے اور عالمی سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل ملک کی معاشی بہتری کی تصدیق کرتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی اصلاحاتی رفتار نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا ہے جس کے نتیجے میں مالیاتی منڈیوں میں ملک کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے چین کی آن شور کیپیٹل مارکیٹ میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کیا ہے جس کے تحت 1.75 ارب آر ایم بی (تقریباً 25 کروڑ امریکی ڈالر) کے بانڈز جاری کیے گئے۔ اس بانڈ کے لیے مجموعی طور پر 1.26 ارب ڈالر سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں، جس کے باعث یہ بانڈ پانچ گنا زیادہ اوور سبسکرائب ہوا۔ یہ تین سالہ فکسڈ ریٹ بانڈ ہے جو چینی کرنسی آر ایم بی میں جاری کیا گیا اور اس کا کوپن ریٹ 2.5 فیصد مقرر کیا گیا۔
