تازہ ترین ۹ ستمبر ۲۰۲۶

پاسداران انقلاب کا چابہار سے بحیرہ عرب کے بعض حصوں تک بحری حدود محدود کرنے کا اعلان

کوئٹہ (ویب نیوز) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے چابہار سے خلیجِ عمان اور بحیرۂ عرب کے بعض حصوں تک ایک محدود بحری علاقہ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ محدود علاقے کی درست حدود اور جغرافیائی نقاط بعد میں جاری کیے جائیں گے، جبکہ ایران سے رابطے کے بغیر اس علاقے سے گزرنے والے جہازوں کو پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور آبنائے ہرمز اور خلیجِ عمان میں سمندری آمدورفت کو خطرات لاحق ہیں۔ اس سے قبل ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے بھی کہا تھا کہ ایران آئندہ چند روز میں آبنائے ہرمز سے باہر ایک محدود بحری زون قائم کرے گا۔ چابہار ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں خلیجِ عمان کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہ ہے جو بحرِ ہند تک براہِ راست رسائی فراہم کرتی ہے۔