تازہ ترین ۱۸ اگست ۲۰۲۶

ٹرمپ کی پاسدارانِ انقلاب سے خفیہ رابطے کی تصدیق، عمان کو بمباری کی دھمکی

واشنگٹن (ویب نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ خفیہ رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے ایران سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ 60 روزہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود سفارتی حل کے لیے ایران کے پاس اب بھی وقت موجود ہے، تاہم تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امریکی صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں رکاوٹ بننے کی صورت میں عمان کو بھی شدید بمباری کی دھمکی دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمان مذاکراتی عمل میں رکاوٹ بنا تو اسے بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق امریکی حکام اور پاسدارانِ انقلاب کے درمیان ثالثوں اور بعض ایرانی سیاسی عہدیداروں کو نظرانداز کرتے ہوئے ایک بیک چینل موجود ہے۔ دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کے ساتھ بیک ڈور رابطوں کی اطلاعات کو مسترد کردیا ہے۔ ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو حملے روک دینے چاہئیں اور دعویٰ کیا کہ امریکا حماس کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے امریکی ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے پاس اب بھی بڑی مقدار میں ہتھیار موجود ہیں۔