کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ہو گئیں، جس کے نتیجے میں حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو گئے اور فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت شہدائے زیارت کے لواحقین کے مطالبات پر عملدرآمد، سانحہ زیارت کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام، وزیراعلیٰ کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں اور شہداء کے لواحقین کے مشترکہ اجلاس کے انعقاد، شہری علاقوں میں پولیس فورس کی استعداد اور افرادی قوت بڑھانے، شہدائے زیارت کو سرکاری پالیسی کے مطابق شہید قرار دے کر لواحقین کو معاوضہ، کفالت اور بچوں کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے، شہداء کے نام پر سرکاری عمارات منسوب کرنے اور ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات کے ازالے کے لیے وزیر ریونیو کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء ہمارے لیے بے حد عزیز ہیں، ان کے اہل خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
