کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبے کے عوام کو بنیادی اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ ماؤں، بچیوں اور بچوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کوئٹہ میں اسینشل پیکج آف ہیلتھ سروسز بلوچستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے محکمہ صحت کی کارکردگی کو قابل اطمینان قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کو دیے گئے تمام اہداف محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ مکمل کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں 164 بنیادی مراکز صحت کو فعال بنایا گیا ہے تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز کے قریب بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ڈیرہ بگٹی کے ایک دور دراز علاقے میں ڈاکٹر باری کی جانب سے ہسپتال فعال بنانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عزم اور محنت سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ہسپتال میں پہلی مرتبہ ایک بچے کی پیدائش ہوئی جس کا نام بخت محمد رکھا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کا مقصد وقت ضائع کرنا نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنا ہے، بلوچستان کا ہر بچہ بنیادی سہولیات کا حق رکھتا ہے اور حکومت اس حق کی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مثبت اور پائیدار تبدیلی کے عمل میں محکمہ صحت ہمیشہ صف اول میں رہے گا اور صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کو مزید وسعت دی جائے گی۔ تقریب سے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بھی خطاب کیا، جبکہ وزیراعلیٰ کی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔


