کوئٹہ (ویب نیوز) فٹبال کے شائقین کے لیے اچھی خبر ہے کہ چھٹا آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ 20 ستمبر سے شروع ہوگا جبکہ فائنل 5 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ یہ فیصلہ محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان کے سیکریٹری درا بلوچ کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس یاسر بازئی، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد آصف لانگو اور بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹورنامنٹ کے شیڈول، تیاریوں، ٹیموں، لاجسٹکس، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی رہائش سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن پاکستان کی تمام معروف اور بہترین فٹبال ٹیموں کو ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت دے گی اور بہترین ٹیموں کی شرکت یقینی بنانے کی ذمہ داری بھی ادا کرے گی۔ سیکریٹری کھیل درا بلوچ نے کہا کہ آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ ملک کے اہم فٹبال ٹورنامنٹس میں شامل ہے اور بلوچستان میں فٹبال کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں ملک کے مختلف حصوں سے ٹیمیں اور باصلاحیت کھلاڑی ایک ہی میدان میں جمع ہوں گے، جس کا مقصد صوبے میں فٹبال کو فروغ دینا، باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا اور پاکستان کے فٹبال نقشے پر بلوچستان کو مزید نمایاں کرنا ہے۔
