پاکستان ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

وزیراعظم کی ریلوے منصوبوں پر پیشرفت تیز کرنے کی ہدایت، جدید ریلوے نظام معیشت کے لیے ناگزیر قرار

کوئٹہ (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید، مؤثر اور محفوظ ریلوے نظام معیشت، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلوے ٹرانسفارمیشن پلان پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ایل ون اور ایم ایل تھری سمیت مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے مین لائن ون کے روہڑی۔ملتان سیکشن کی اپ گریڈیشن کے لیے جامع تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم ایل ون کے کراچی۔روہڑی سیکشن کا تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ایم ایل تھری روہڑی۔نوکنڈی سیکشن کی اپ گریڈیشن پی ایس ڈی پی اور برج فنانسنگ کے تحت کی جائے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تھر کول ریلوے کنیکٹیویٹی منصوبے کے 112 کلومیٹر طویل تھرکول تا چھور ٹریک پر 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔