تازہ ترین ۱۶ جولائی ۲۰۲۶

ورلڈ کپ کی تیاری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے انتخاب کا نیا منصوبہ تیار کر لیا

کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے انتخاب کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت کھلاڑیوں کی کارکردگی کا پانچ مختلف شعبوں میں تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ فیڈریشن کے مطابق فٹنس، تکنیکی مہارت، ذہنی مضبوطی، رویے اور مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر غیر ملکی کوچز ہر کھلاڑی کو ایک سے پانچ تک نمبر دیں گے۔ قومی ٹیم میں انتخاب کے لیے کھلاڑی کو پانچ میں سے کم از کم تین شعبوں میں تین یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ جدید جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم اور ویڈیو اینالسز کے ذریعے بھی لیا جائے گا۔ مجوزہ انتخابی معیار کو حتمی منظوری کے لیے سلیکشن کمیٹی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے شفاف، میرٹ اور ڈیٹا پر مبنی انتخابی نظام اپنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی تشکیل مکمل طور پر کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی۔