پاکستان ۱۸ جولائی ۲۰۲۶

وانا میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام، بارود سے بھری خودکش گاڑی تباہ، ایک دہشت گرد ہلاک، پانچ زخمی

کوئٹہ (ویب نیوز): جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا کے غواخوام میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت انٹیلی جنس کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بارود سے بھری ایک خودکش گاڑی، جسے مبینہ طور پر بڑے دہشت گرد حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا، آبادی تک پہنچنے سے قبل تباہ کر دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے مشتبہ گاڑی کی مسلسل تین روز تک نگرانی کی اور اسے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ شہری آبادی سے دور پہنچ گئی تاکہ کسی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ کارروائی کے دوران بارود سے بھری گاڑی اور ایک موٹرسائیکل تباہ ہو گئی جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے اس کامیاب کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ردعمل کا مظہر قرار دیا۔